• news

غزہ پر پاکستان کے موقف کو سراہتے ہیں: ایرانی صدر

لاہور‘ کراچی (آئی این پی+لیڈی رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ+سٹاف رپورٹر) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان کے دوران اسلام آباد سے لاہور پہنچے تو شہر کی اہم شاہراہوں کو خیرمقدمی بینرز سے سجایا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال کیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ غزہ سے متعلق اصولی مؤقف پر پاکستان کو سراہتے ہیں، اسرائیل سے جنگ میں فلسطینی کامیاب ہوں گے، اپنی قوم اور اپنے مجاہدوں پر بہت ناز ہے، اسرائیل سے جنگ میں فلسطینی کامیاب ہوں گے۔ ایرانی صدر نے لاہور آمد کے موقع پر مزار اقبال پر حاضری دی جہاں انہوں نے علامہ قبال کی قبر پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ  پاکستان اور ایران کے درمیان گہرا تعلق ہے، پاکستان آکر خوشی ہوئی، یہاں اجنبی سا احساس نہیں ہوا، ہم غزہ سے متعلق اصولی موقف پر پاکستان کو سراہتے ہیں، میری خواہش تھی پاکستان میں عوامی جلسہ کرتا مگر کچھ وجوہات کی وجہ سے پاکستان میں عوامی جلسہ نہیں کرسکا، پاکستانی عوام جذباتی اور مذہبی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران دوستی کوہ ہمالیہ سے بھی بلند ہے، پاکستان اور ایران کے درمیان گہرا تعلق ہے، میں پاکستان کی عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، علامہ اقبال کی شخصیت ہمارے لیے اہم ہے وہ استعمار کے خلاف کھڑے ہوئے تھے، ان کی الہام بخش شخصیت تھی وہ خدا کے لیے جیتے تھے اور خدا کے لیے عمر گزارتے تھے، یہی وجہ ہے کہ ہم ان کے قائل ہیں، ہمارے دل ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ جڑے رہیں گے۔ ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل سے جنگ میں فلسطینی کامیاب ہوں گے، فلسطینیوں پر ظلم کرنے والوں کو شکست ہوگی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کی لاہور آمد پر علامہ اقبال ائیر پورٹ پر پرتپاک استقبال کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایرانی صدر، خاتون اول اور وفد کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، صوبائی وزیر سیکنڈری ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلیمان رفیق، صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین، صوبائی وزیر انڈسٹریز چوہدری شافع حسین، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، لاہور میں تعینات ایرانی قونصل جنرل مہران مواحدفر اور دیگر حکام اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گورنر ہاؤس میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور خاتون اول سے ملاقاتیں کیں۔ ایرانی صدر ابرہیم رئیسی اور وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیاگیا۔ ایران سے آنے والے وفد کی روایتی دیسی کھانوں سے تواضع کی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور خاتون اول جمیلہ علم الہدیٰ کا لاہور آمد پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایرانی صدر اور دیگر وفد کو لاہور میں خوش آمدید کہا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اسلامی انقلاب کی 45ویں سالگرہ پر مبارکباد بھی پیش کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پاک ایران دوستی کی تاریخ عشروں پر محیط ہے۔ ایران کے ساتھ غربت کے خاتمے کیلئے اقتصادی منصوبوں پر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ صنعتی، زرعی ترقی کیلئے دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پنجاب کی ویلیو ایڈڈ لائیوسٹاک مارکیٹ میں ایران کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایف ایم ڈی زونز کے قیام اور حلال گوشت کی برآمد سے دونوں ممالک کثیر زرمبادلہ حاصل کر سکتے ہیں۔ پنجاب میں ماحول دوست گرین انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ ایران کے عوام کی خوشحالی اور امن و سکون کیلئے دعاگو ہوں۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور خاتون اول جمیلہ علم الہدیٰ نے پرتپاک استقبال پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ خاتون اول جمیلہ علم الہدیٰ  نے کتاب ’دی آرٹ آف لیونگ‘ کی رونمائی کی۔ہوم اکنامکس کالج بھی گئیں۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، صوبائی وزیر سیکنڈری ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلیمان رفیق، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین، صوبائی وزیر انڈسٹریز چوہدری شافع حسین، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، لاہور میں تعینات ایرانی قونصل جنرل مہران مواحدفر اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا ہے پاکستان اور ایران میں علم و ہنر کے جدید مراکز اور علوم و فنون کے فروغ کے خواہاں ہیں۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں اپنے دورے کے دوران مہمان نوازی اور تواضع کو بے حد سراہا۔ گورنمنٹ کالج لاہور کی وائس چانسلر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے استقبالیہ پیش کیا۔ وی سی ڈاکٹر شازیہ بشیر نے فارسی میں اشعار پڑھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا پاکستان اور ایران کے درمیان توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی، تہذیبی، مذہبی اور ثقافتی مراسم ہیں، علم و ہنر اور سائنس و ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، ہماری یونیورسٹیاں علم و تحقیق کے مراکز ہیں، تعلیم کے شعبے میں مربوط حکمت عملی سے بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ ایرانی صدر کا کہنا تھا شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے کلام کو ایران میں خصوصی پذیرائی حاصل ہے، ایرانیوں کے دل ہمیشہ پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، دونوں ملکوں کا رشتہ وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو گا۔ دریں اثناء اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کراچی پہنچ گئے۔ انہوں نے مزار قائدؒ پر حاضری بھی دی۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ گورنر سندھ نے معزز مہمان کی کراچی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری، صوبائی وزراء  عذرا پیچوہو، شرجیل انعام میمن اور سید ناصر حسین شاہ نے بھی ایرانی صدر کا استقبال کیا۔دریں اثناء چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر زراعت بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن