ذکرِ مصطفی ؐ نے ہر دور میں جذبہ ایمانی کو حرارت عطا کی،پیر حسان حسیب الرحمن
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)دربار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ ذکرِ مصطفی ؐ کو ہرگھڑی بلند سے بلندتر کرنے کا ذمہ خود ربِ رحمن نے اٹھارکھا ہے۔ ذکرِ مصطفی ؐ نے ہر دور کے مسلمانوں کے جذبہ ایمانی کو حرارت عطا کی ہے۔ اسی جذبے سے سرشار ہو کر مسلمانانِ عالم نے عروج و کمال کی تمام منازل طے کی ہیں اور تا قیامت یہی جذبہ مسلمانانِ عالم کو اقوامِ عالم میں ممتاز کرے گا۔وطنِ عزیز پاکستان عظیم نعمتِ خداوندی و عطائے مصطفوی ؐ ہے اور اسلامیانِ پاکستان حضور نبی کریم ؐ، اہلِ بیتِ اطہار و صحابہ کرام رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین اور ہر وہ چیز جسے حضور نبی کریم ؐ کے ساتھ نسبت ہے اسے اپنی جان سے بڑھ کر عزیز جانتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی زندگیاں حضور نبی رحمت ؐ کی شریعتِ مطہرہ کے تابع بسر کریں اور اپنے روحانی مرکز مدینہ منورہ سے اپنا تعلق، اپنا رشتہ اور اپنی نسبت مضبوط سے مضبوط تر کر یں۔ عید گاہ شریف سے ہمیشہ عشق و اتباعِ رسول ؐ کی جانب بلایا جاتا رہا اور انشا اللہ بلایا جاتا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 22اپریل و عیسوی اعتبار سے حضور نبی کریم ؐ کا یومِ میلاد پاک ہے کے سلسلہ میں عید گاہ شریف میں منعقدہ ایک انتہائی عظیم الشان میلاد النبی ؐ کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ میلاد النبی ؐ کانفرنس میں لاکھوں کی تعداد یں عشاقانِ مصطفی ؐ، وابستگانِ عید گاہ شریف، بڑی تعداد میں خواتین، زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، علمائے کرام، مشائخِ عظام، نعت خوانانِ عظام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا حضور نبی کریم ؐ کی اس کائنات میں شانوں کے ساتھ تشریف آوری کائنات کی سب سے بڑی خوشی ہے۔ حضورِ اکرم ؐ کے میلاد کے موقع پر محفلِ میلادِ پاک و نعتِ پاک کا انعقاد انبیا علیہ السلام و صحابہ کرام رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین کی سنت ہے۔