• news

سونا 7800 روپے تولہ سستا، اتار چڑھاؤ کے بعد سٹاک مارکیٹ منفی زون میں بند 

کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکس چینج میں نئے کاروباری ہفتے کے دوسرے روز ایران کے صدر کی پاکستان کے دورے کے باوجود اتارچڑھاؤ کے بعد منفی زون میں بند ہوئی۔  کاروباری خسارے کے سبب  مارکیٹ کے سرمائے میں 20  ارب87کروڑ روپے سے زائدکی کمی ہو گئی جبکہ کاروباری حجم0.11 فیصد حصص گھٹ گیا۔ قومی شیئرز مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کا آغاز تیزی کے ساتھ ہوا اور انڈیکس413پوائنٹس کی تیزی سے ایک موقع پر 71846 پوائنٹس تک بھی پہنچا تاہم  بعد ازاں منافع کے حصول کیلئے فروخت کئے جانے والے شیئرز کی وجہ سے مارکیٹ مندی سے دوچار ہوگئی۔ مارکیٹ میں منگل کو پاور، انرجی، سیمنٹ، کمیونیکیشن، فوڈز اور دیگر سرگرم سیکٹر میں کاروباری سرگرمیاں دیکھی گئیں۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 74.06 پوائنٹس گھٹ کر 71359.41پوائنٹس پر بند ہوا۔ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق منگل کو ملک بھر میں سونا 7 ہزار 800 روپے فی تولہ سستا ہو گیا جس کے بعد  تولہ قیمت 2 لاکھ 40 ہزار 900 روپے ہو گئی۔ انٹربنک میں منگل کو روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر بڑھ گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر سستا ہو گیا۔ انٹربنک میں 5ْ ٰپیسے کے اضافے سے ڈالر کی قدر 278.40روپے سے بڑھ کر 278.45روپے ہو گئی۔ تاہم اوپن مارکیٹ میں 3پیسے کی کمی سے ڈالر کی قدر 279.80روپے سے کم ہو کر 279.77 روپے پر آ گئی۔

ای پیپر-دی نیشن