• news

کراچی‘ حیدر آباد کیلئے بجٹ میں پیسے رکھیں‘ ارکان اسمبلی کو فنڈ دیں: متحدہ وفد کا مطالبہ

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے مصطفیٰ کمال کی سربراہی میں وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ احسن اقبال سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد میں ڈاکٹر فاروق ستار، سید امین الحق اور جاوید حنیف شامل تھے۔ وفد کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت جن معاشی چیلنجز کا سامنا ہے ان سے کراچی کی مدد کے بغیر نمٹنا مشکل ہی نہیں نا ممکن ہے۔ متحدہ وفد نے ملاقات میں کراچی اور حیدرآباد کے انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے موجودہ بجٹ میں پیسے رکھنے اور ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین اسمبلی کو خصوصی فنڈز کے اجراء کی بھی درخواست کی ہے۔ کراچی کے پانی کیلئے جاری کے فور منصوبے کو بنا کسی تاخیر تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے پر زور دیا۔ کراچی گرین لائن منصوبے پر جلد کام مکمل کرنے‘ سرکلر ریلوے پر کام کے آغاز پر بات کی۔ امید کا اظہار کیا وفاقی حکومت کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک نہیں کرے گی۔ احسن اقبال نے جلد مثبت جواب دینے کی یقین دہانی کرائی۔

ای پیپر-دی نیشن