• news

گجرات: عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں سرجیکل وارڈ کی چھت گر گئی، خاتون سمیت 3 جاں بحق، 12 زخمی

گجرات +لاہور (نامہ نگار +نوائے وقت رپورٹ) پنجاب کے ضلع گجرات کے زیر تعمیر ہسپتال کی چھت گرنے سے 3 مریض جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے جبکہ صوبائی وزیر صحت نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔ گجرات کے عزیز بھٹی شہید ہسپتال کے سرجیکل وارڈ کی چھت گر گئی۔ چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 3 مریض جاں بحق اور 12زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین اور ایک مرد شامل ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ہسپتال میں تزئین و آرائش کیلئے پلرز کو چھوٹا کرنے کی کوشش کی گئی تو اچانک چھت گر گئی جس سے مریض، لواحقین ملبے تلے دب گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رپورٹ طلب کر لی، انکوائری کا حکم دے دیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے گجرات میں زیر تعمیر ہسپتال کی چھت گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ افسوس ناک واقعہ کی فوری تحقیقات کروائی جائیں گی، واقعہ میں ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران سے واقعہ کی مکمل رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔ ان کے علاوہ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے بھی حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے سی اینڈ ڈیبلیو کے ریسرچ ونگ کو انکوائری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مرمت کے حوالے سے حفاظتی انتظامات نہ کرنے والے ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے بتایا کہ عزیر بھٹی شہید ہسپتال کی زیر تعمیر وارڈ کی چھت بیٹھنے سے 8 مریض معمولی زخمی ہوئے، جبکہ ایک 60 سالہ خاتون جن کا تعلق منڈی بہائوالدین سے ہے جاں بحق ہوئیں، واقعہ کی انکوائری کے لئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خضر حیات بھٹی، ایم ایس عزیز بھٹی شہید ہسپتال ڈاکٹر آصف محمود، ڈی ایم ڈاکٹر باسط اس موقع پر موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن