مقبوضہ کشمیر: عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 قابض فوجی زخمی
سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر میں بجلی کی مسلسل بندش اور بلوں میں اضافے کے خلاف سرینگر میں لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے۔ وسطی سرینگر کے مکینوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے نوا کدل روڈ کوبندکردیا اور بجلی بلوں میں اضافے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔لوگوں کاکہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں بجلی کے بلوں میں بے تحاشا اضافہ کردیاگیاہے جبکہ ضلع بانڈی پورہ میں ایک حملے میں 2 بھارتی فوجی زخمی ہوگئے ہیں ۔ بھارتی فوج نے بانڈی پورہ کے رانجی جنگل علاقے میں بدھ کی صبح وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے دفعہ370 کی منسوخی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے مسئلہ کشمیر کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔محبوبہ مفتی نے ضلع اسلام آباد میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو فراموش نہیں ہونے دیا جائے گامیں نوجوانوں یتیموں بیواں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370کی منسوخی سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوا بلکہ اس سے یہ مسئلہ مزید الجھ گیاہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں حکومت کی تعلیمی نظام سے عدم دلچسپی کے باعث سکولوں میں بچوں کے داخلے کی شرح مسلسل کم ہورہی ہے مقبوضہ جموں و کشمیر میں23 ہزار پرائمری سکولوں میں سے 848 سکولوں میں اس سال کوئی نیا داخلہ نہیں ہوا۔ مقبوضہ کشمیر محکمہ سکول ایجوکیشن کے اعداد وشمار کے مطابق ابتدائی سطح پر 18 فیصد سے زیادہ سرکاری سکولوں میں شاگرد اساتذہ کا تناسب منفی ہے۔