کمشنرکا انٹرمیڈیٹ امتحانی مراکز زکا معائنہ،ترقیاتی کاموں کی اوورلیپنگ نہیں ہوگی
لاہور(خبرنگار)کمشنر /چیئرمین اعلی و ثانوی تعلیمی بورڈ لاہور محمد علی رندھاوا نے ایم اے او کالج، اسلامیہ کالج سول لائنز، گورنمنٹ اسلامیہ کالج فار وویمن کوپر روڈ اور دیال سنگھ کالج میں انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات کے انعقاد کے عمل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے امتحانی عمل کی شفاف انداز میں انجام دہی کو سراہا۔ دریں اثناء محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت جاری و مجوزہ ترقیاتی سکیموں اور اہداف کے تعین کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ کمشنر لاہور نے کہا ہر صورت تمام محکموں کی ترقیاتی سکیموں کی جی آئی ایس میپنگ کی جائے گی جس سے کسی بھی ایریا میں ہونیوالے ترقیاتی کاموں کی اوورلیپنگ نہیں ہوگی۔ جبکہ کمشنر لاہور کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ای رجسٹری سنٹر ایجرٹن روڈ اولڈ ایل ڈی اے پلازہ سے ملحق ای سہولت سنٹر بنانے کی سکیم کی منظوری دیدی گئی۔