چند سورتوں اور آیات کی فضیلت(۱)
قرآن مجید پڑھنا سب عبادتوں سے افضل ہے اور خاص طور پر نماز میں کھڑے ہو کر قرآن مجیدکی تلاوت کرنا ۔ آپﷺنے فرمایا میری امت کی عبادتوں میں افضل عبادت تلاوت قرآن مجید ہے ۔ حضرت ابو ذر غفاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں میںنے حضور نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض کی یا رسول اللہ ﷺ مجھے کچھ نصیحت فرمائیں ۔ آپﷺ نے فرمایا اللہ تعالیٰ سے تقویٰ اختیار کرو یہ چیز تمہارے دین اور معاملات کو ٹھیک حالت میں رکھنے والی ہے میں نے عرض کی کچھ اور ارشاد فرمائیں ۔ تو آپ ﷺ نے فرمایا خود کو تلاوت قرآن مجید اور اللہ کے ذکر کا پابند بنا لو تو خدا تمہیں آسمانوںپر یاد کرے گا اور تاریکیوں میں یہ دونوں چیزیں تمہارے لیے روشنیوں کا کام کریں گی۔ (مشکوۃ شریف)
حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا بنی آدم کے دل پر اس طرح زنگ چڑھ جاتا ہے جیسے پانی لگ جانے سے لوہے کو زنگ لگ جاتا ہے۔ حضور ﷺ نے فرمایا موت کو کثرت سے یاد کرنا اور تلاوت قرآن پاک کرنا اس زنگ کو دور کرتا ہے۔
سورۃ الفاتحہ: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے آپ فرماتے ہیں کہ رسول خدا ﷺ نے ابی بن کعب ؓ سے فرمایا کہ کیا تمہاری خواہش ہے کہ میں تمہیں قرآن مجید کی ایسی سورت سکھائوں جس کے مرتبہ کی کوئی سورت نہ تورات میںنازل ہوئی ہے اور نہ انجیل میں ، نہ زبور میں اور نہ ہی قرآن میں ؟ ابی بن کعب نے عرض کیا حضور مجھے وہ سورت بتائیں۔
آپﷺ نے فرمایا تم نماز میں قرات کس طرح کرتے ہو ؟ ابی بن کعب نے آپ کو سورۃ الفاتحہ پڑھ کر سنائی ۔ آپﷺنے فرمایا قسم ہے اس ذات کی جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے۔ توریت ، انجیل ، زبور اور قرآن مجید کسی میں بھی اس جیسی کوئی سورت نہیں ۔ ( جامع ترمذی )
ایک فرشتے نے آپ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوکر سلام عرض کیا اوردو ایسے نوروں کی بشارت دی جو حضور ﷺ سے پہلے کسی نبی کو عطا نہیں ہوئے ۔ ایک سورۃ الفاتحہ اور سورۃ بقرۃ کی آخری آیات ۔ ( مسلم زشریف)
سورۃ البقرۃ اور سورۃ آل عمران : حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے جس گھر میں سورۃ البقرہ پڑھی جائے اس گھر میں شیطان نہیں آسکتا ۔ ( ترمذی )
حضرت ابو امامہ باہلی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : قرآن پڑھا کرو یہ قیامت کے دن اپنے پڑھنے والو ں کی شفاعت کرے گا ۔ خاص طور پر سورۃ البقرۃ اور سوۃ آل عمران پڑھا کرو۔ وہ قیامت کے دن اپنے پڑھنے والوں کو اپنے سایہ میں لیے اس طرح آئیں گی جیسے کہ وہ ابر کے ٹکڑے ہیں یا سائبان ہیں ۔(مسلم )