پی ٹی آئی نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیا‘ علی محمد خان: خالد خورشید
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں علی محمد خان، رئوف حسن، بیرسٹر ابو ذر سلمان نیازی سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایک پرامن جماعت ہے، تحریک انصاف نے کبھی پرتشدد کارروائیوں کی ترغیب نہیں دی، ہماری 27سالہ سیاسی تاریخ ہے کل پی ٹی آئی کا یوم تاسیس ہے، عمران خان وہ شخص ہیں جس نے ہمیشہ پرامن احتجاج کی بات کی ۔9مئی کو بھی ہم نے ایک پرامن احتجاج کیا، پارٹی نے کسی کو پرتشدد ہونے کا نہیں کہا، اگر کچھ ایسے واقعات ہوئے ہیں، تو پی ٹی آئی کورکمیٹی، عمران خان اور ہمارے ممبران نے کہا کہ سپریم کورٹ کے زیرتحت جوڈیشل انکوائری کی جائے اور معاملے کی حقیقت تک پہنچا جائے۔ ہم نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیا، اپنا حق اگر مانگا ہے تو آئین و قانون میں رہ کر مانگا ہے۔ 9 مئی کی آڑ میں کریک ڈاؤن کیا گیا اس معاملے پر آج تک آزادانہ جوڈیشل کمشن کا قیام نہ ہو سکا۔ سویلین کا اگر فوجی عدالتوں میں ٹرائل ہوتا ہے تو یہ انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔ یہ خاندان جن کے بچوں کے ٹرائل ہو رہے دہشتگرد نہیں ہیں۔ ماضی میں تو ریاست کے خلاف بندوق اٹھانے والوں سے بھی بات چیت کی گئی۔ اسیران کے اہلخانہ جس کرب میں مبتلا ہے حکومت وقت کو اندازہ ہی نہیں ہے۔ علی محمد خان نے چیف جسٹس پاکستان سے درخواست کرتے ہوئے کہاکہ ہم سپریم کورٹ سے توقع کرتے ہیں اور جوڈیشری کے ساتھ کھڑے ہیں۔