موسمیاتی تبدیلیاں کرہ ارض کیلئے عظیم چیلنج ہیں: گورنر پنجاب
سیالکوٹ(نامہ نگار/ نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا ہے موسمیاتی تبدیلیاں کرہ ارض کو درپیش عظیم چیلنج ہے، حکومت پنجاب سنگین صورتحال سے آگاہ ہے اور کنٹرول کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں نجی یونیورسٹی کے زیر اہتمام انٹرنیشنل کلائمیٹ چینج کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران، چیئرمین بورڈ آف گورنرز محمد اسلام نے بھی خطاب کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین، اساتذہ کرام سمیت مندوبین کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے یونیورسٹی لان میں پودہ لگا یا اور ملکی ترقی واستحکام کیلئے دعا کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث درجہ حرارت میں غیر متوقع اضافہ، گلشیئرپگھلنے، جنگلات کی کٹائی سے پاکستان دنیا کے سب سے زیادہ متاثر ہونیو الے دس ممالک میں شامل ہے، موسمیاتی تبدیلی کیوجہ سے ملکی زراعت کو نقصان ہو رہا ہے اور معیشت متاثر ہو سکتی ہے۔