• news

گھریلو جھگڑے، خرچ کا تنازعہ: شیخوپورہ، لدھیوالہ وڑائچ میں بیویاں قتل کر دیں

شیخوپورہ+ لدھیوالہ وڑائچ (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) شیخوپورہ تھانہ صدر کے علاقہ چھاپہ مینارہ میں گھریلو ناچاکی پر خاوند نے بیوی کو قتل کر دیا۔ لدھیوالہ وڑائچ میں اہلیہ کو پھانسی دیدی۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ تھانہ صدر کے علاقہ چھاپہ مینارہ میں دلبر نامی ملزم نے چھری سے اپنی بیوی کا گلا کاٹا اور موقع سے فرار ہو گیا، میاں بیوی کا چھوٹی چھوٹی باتوں پر گھر میں جھگڑا رہتا تھا۔ مقتولہ کے والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے کہا تنازعہ ختم کرنے کے لیے دونوں کو اپنے گھر پر رکھ کر اخراجات پورے کر رہا تھا کہ جھگڑا نہ ہو۔ مقتولہ کی شناخت 26 سالہ سائرہ کے نام سے ہوئی جو ایک 3 سالہ بچے کی ماں تھی، تھانہ صدر نے نعش کو تحویل میں لیکر ڈیڈ ہاؤس منتقل کر دیا۔ بتایا گیا ہے کے تھانہ لدھیوالہ وڑائچ سٹی کے محلہ نعیم پارک کے رہائشی عبدالرحمان کی اہلیہ 24 سالہ فرینہ کا اپنے خاوند اور ساس کے ساتھ گھر کے خرچے کی وجہ سے جھگڑا رہتا تھا۔گزشتہ روز ہونے والے جھگڑے کے بعد خاوند عبدالرحمان نے اپنے بھائی ذیشان، باپ عبدالرشید، بھاوج مسکان اور ماں ثریا بی بی کے ساتھ مل کر پنکھے کے ساتھ رسی ڈال کر اہلیہ کو پھانسی دے دی اور خودکشی کرنے کا شور مچا دیا۔ تھانہ لدھیوالہ وڑائچ پولیس نے مقتولہ کے باپ فریاد حسین کی درخواست پر عبدالرحمان، ذیشان، عبدالرشید، مسکان اور ثریا بی بی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے ملزم عبدالرحمان اور ذیشان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن