ملیریا پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے: صدر، چیئرمین سینٹ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملیریا پر قابو پانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اجتماعی کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عالمی ملیریا پروگرام کے تحت نئے اقدامات پر عمل درآمد کیلئے پرعزم ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ملیریا کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ صدر نے کہا کہ ملیریا کی روک تھام، تشخیص اور علاج ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان عوام کو صحت کی تمام سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ جبکہ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ملیریا پرقابو پانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، ملیریا کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات سے نہ صرف غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی بلکہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی جانب پیش رفت بھی ہو گی۔ ملیریا کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ملیریا سے آگاہی اور اس سے نمٹنے کے لیے موثر حل تلاش کرنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔