• news

شہدا اور غازی ہمارا فخر، عزت ہر پاکستانی پر لازم: آئی ایس پی آر

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) خیبرپی کے کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ماہ اپریل 2024  کے دوران دو الگ الگ واقعات میں 8  کسٹمز اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق  اس غیر قانونی اقدام کے خلاف جنگ میں برسرپیکار اور شہید اہلکاروں کی بے لوث قربانی کے اعتراف کے لئے اظہار یکجہتی کے طور پر پاک فوج کے سینئر کمانڈروں نے شہیدوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور خراج تحسین پیش کرنے کے لئے اور آرمی چیف کی جانب سے غیر متزلزل حمایت کا عہد کرنے کے لیے ان کے آبائی شہروں کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کے اہل خانہ نے اس حمایت اور احترام پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہداء اور غازی ہمارا فخر ہیں اور ان کی عزت و تکریم ہر پاکستانی پر لازم ہے۔ ہمیں یہ کبھی نہیں بھولنا چاہیے کہ آج ہم جس امن اور آزادی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں وہ ان بہادر بیٹوں کی لازوال قربانیوں کی وجہ سے ہے۔ ہم بحیثیت قوم شہداء کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کے لیے اپنے پیاروں کی قربانیاں دیں۔

ای پیپر-دی نیشن