بیرونی قرضوں کی ادائیگی، زرمبادلہ کے ذخائر 8 ارب ڈالر سے نیچے آ گئے
کراچی (کامرس رپورٹر) سٹیٹ بنک کی جانب سے زرمبادلہ کے ذخائر کے اعداد و شمار کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے باعث سرکاری زرمبادلہ کے ذخائر 8 ارب ڈالر سے نیچے آگئے۔ زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 7 کروڑ 35 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی۔ 19 اپریل تک زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر کی مجموعی مالیت 7 ارب 98 کروڑ 12 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 1 کروڑ 97 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی اور کمرشل بنکوں کے پاس 5 ارب 29 کروڑ 93 لاکھ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔ زرمبادلہ کے مجموعی ملکی ذخائر 13 ارب 28 کروڑ 5 لاکھ ڈالر کی سطح پر ہیں۔