• news

اسلام آباد میں نان روٹی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن 6 مئی تک معطل

اسلام آباد(آئی این پی+وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں نان روٹی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن 6مئی تک معطل کر دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے نان بائی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل عمر اعجاز گیلانی اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندے بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ضلعی انتظامیہ کے نمائندے نے بتایا کہ قانون میں ترمیم کر کے ڈی سی اوز کو قیمت کے تعین کا اختیار دیا گیا ہے۔نان بائیوں کے وکیل بیرسٹرعمر اعجاز گیلانی نے دلائل دیئے کہ آٹا یہاں مہنگا اور کرایہ بھی زیادہ ہے، کنٹرولر جنرل کی پاور سیکشن تھری کے تحت نہیں ہے۔جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ کیا تندور والوں سے پوچھا کہ آٹا کتنے کا آ رہا ہے یا بس لوگوں کو خوش کرنے کیلئے آرڈر جاری کر دیا؟عدالت نے آئندہ سماعت تک نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے فریقین سے تفصیلی جواب طلب کر لیا اور سماعت 6مئی تک کیلئے ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن