مریم نواز نے یونیفارم پہن کر پولیس کی عزت میں اضافہ کیا: عظمیٰ بخاری
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے پولیس یونیفارم پہننے پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کے پولیس یونیفارم پہننے پر وہ ٹولہ تنقید کر رہا جن کا اپنا لیڈر اپنی ہی بیٹی کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے۔ پوری دنیا میں سربراہان مملکت یونیفارم پہن کر اپنی فورسز کی عزت و تکریم میں اضافہ کرتے ہیں۔ تنقید کرنے والوں کو اللہ تعالیٰ صبر دے۔ یہ ایک روایت ہے، میاں نوازشریف نے بھی اپنے دور حکومت میں یہی کیا تھا جس کو مریم نواز نے برقرار رکھا۔ مریم نواز کے اس عمل پر جلنے اور سڑنے کی ضرورت نہیں ہے۔ مریم نواز پاکستان کی خواتین کے لیے فخر کا باعث ہیں۔ برقعے کی آڑ میں ہیرے کی انگوٹھیاں، ٹرانسفر پوسٹنگ اور قیمتی جیولری چوری کا دھندہ چلایا۔ مریم نواز نے پولیس کا یونیفارم پہن کر پنجاب پولیس کی عزت اور وقار میں اضافہ کیا ہے۔ جبکہ پروپیگنڈا بریگیڈ کا لیڈر عمرہ کرنے ننگے پاؤں جاتا تھا لیکن خانہ کعبہ والی گھڑی چوری کر کے ڈھٹائی سے اسے فروخت کرنے پر بھی فخر کرتا تھا۔ مریم نواز پنجاب میں جہاں بھی جا رہی ہر طرف خواتین ان کا والہانہ استقبال کرتی ہیں۔ مریم نواز پنجاب کی خواتین کے لئے رول ماڈل کا درجہ اختیار کر چکی ہیں۔ مریم نواز کو پروپیگنڈا ٹرولز اور گالی گلوچ بریگیڈ کی کردار کشی مہم سے فرق نہیں پڑتا۔ مریم نواز پنجاب کی خدمت کرنے آئی ہیں اور وہ انشاء اللہ اس میں کامیاب ہوں گی۔