ایئر ایمبولینس سروس کو وسعت، وسائل عوام پر خرچ کرینگے: مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایئر ایمبولینس سروس پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی اجلاس ہوا جس میں ایئر ایمبولینس سروس سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ پہلے تربیتی سیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ایئر ایمبولینس سروس کے دائر ہ کار کو بتدریج وسعت دی جائے گی۔ دور دراز علاقوں میں حادثہ کی صورت میں ایئر ایمبولینس سروس استعمال ہوگی۔ انسانی جان سے بڑھ کر کچھ نہیں، تمام تر وسائل صوبے کی عوام پر خرچ کریں گے۔ ایمرجنسی کی صورت میں ایئر ایمبولینس سروس مہیا ہوگی۔ ایئر ایمبولینس سروس کو دیگر صوبوں میں ایمرجنسی کی صورت میں مدد کے لئے فراہم کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سے اے ڈی ایم ہولڈنگ لمیٹڈ کے وفدنے ملاقات کی۔ سینئر ایڈوائزر عمر فاروق نے وزیراعلیٰ کے عوامی خدمت کے ویژن کو سراہا۔ ملاقات میں صوبے بھر کے سکولوں میں انٹر نیٹ فراہم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب میں ہیلتھ، ہاؤسنگ اور دیگر سیکٹرز میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ انٹرنیشنل مقابلوں کے لئے ویڈیو گیمنگ سنٹرز کے قیام کے لئے اشتراک عمل پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ وفد نے لاہور میں انٹرٹینمنٹ ایرینا، باکسنگ اور فٹ بال اکیڈمی قائم کرنے کی پیشکش کی۔ اے ڈی ایم ہولڈنگ لمیٹڈ نے پنجاب میں گاڑیوں کے نمبر پلیٹ کے اجراء کے لئے اشتراک کار میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ لینڈ ریکارڈ سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن میں تعاون کا جائزہ بھی لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سکولوں میں اساتذہ کو اسباق کی تیاری اور حاضری کے لئے جدید ترین کمپیوٹر ٹیب فراہم کیے جائیں گے۔ سکولوں اور تعلیمی اداروں کو دور حاضرکی ضروریات کے مطابق ڈیجیٹلائزیشن کی طرف لارہے ہیں۔ دوسری جانب مریم نواز شریف نے جگر کے عارضہ میں مبتلا پروفیسر ایس ایم منصور کے علاج کیلئے 13 لاکھ روپے امداد کی منظوری دیدی۔ وہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں زیر علاج ہیں۔ مریم نواز شریف سے پاکستان میں ہالینڈ کی سفیر مسز ہینی ڈی وریس نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور، ہالینڈ اور پنجاب کے درمیان دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر گفتگو کی گئی۔ ہینی ڈی وریس نے پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مریم نواز شریف کو مبارکباد دی۔ تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور سرمایہ کاری کے فروغ کا امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز شریف نے ڈچ کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو صوبے میں کاروباری مواقع سے مستفید ہونے کی دعوت دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ نیدرلینڈز کے جدید زرعی طریقہ زراعت اور ٹیکنالوجیز سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ فصلوں کی کاشت، آبپاشی کی تکنیک، اور زرعی مشینری جیسے شعبوں میں نیدرلینڈز سے تعاون کے خواہاں ہیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ طلباء وفود کے تبادلے کو فروغ دینے اور مشترکہ تحقیقی پروگرام شروع کرنے کے خواہاں ہیں۔