بجلی 2 روپے 94 پیسے یونٹ مزید مہنگی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
اسلام آ باد (آئی این پی ) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 94 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے94 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے )کی درخواست پر چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی سربراہی میں سماعت ہوئی۔ دوران سماعت سی پی پی اے حکام کا کہنا تھا کہ مارچ میں 7 ارب 70 کروڑ یونٹس بجلی فروخت کی گئی، مارچ میں درآمدی کوئلے سے بجلی کی پیداوار نہیں ہوئی- سماعت کے بعد نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا گیا، نیپرا ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد فیصلہ اور نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔ مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے نتیجے میں قیمتوں میں رد و بدل کا اطلاق مئی کے بلوں میں کیا جائے گا، اضافے کی درخواست منظور کیے جانے کی صورت میں عوام پر سیلز ٹیکس سمیت27 ارب روپیکا اضافی بوجھ پڑے گا، تاہم ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔