درجنوں وفاقی افسروں کو گریڈ 22 میں ترقی دینے کا فیصلہ
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) ڈیڑھ درجن سے زائد افسران کو گریڈ 21 سے 22 میں ترقی دینے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ وزیراعظم ہاؤس کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اعلیٰ اختیاراتی سلیکشن بورڈ کا اجلاس جلد بلانے کا فیصلہ کرلیا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو بورڈ اجلاس کے لیے تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ گریڈ21 سے 22 کے لیے18سے زائد آسامیوں پر ترقیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن کو گریڈ 22 میں ترقی دینے پر غور کیا جائے گا۔ سیکریٹری ٹو وزیراعظم اسد الرحمان گیلانی کا کیس گریڈ 22 میں ترقی کیلئے پیش ہوگا۔ سیکرٹری پاورڈویژن راشد محمود کو گریڈ 22 میں ترقی ملنے کا امکان ہے۔ سیکرٹری تعلیم و تربیت محی الدین احمد وانی، ایڈیشنل سیکرٹری انچارج آئی ٹی محمد محمود، ایڈیشنل سیکرٹری انچارج پیٹرولیم ڈویژن مومن آغا، چیئرمین ای او بی آئی خاقان مرتضیٰ کو گریڈ 22 میں ترقی دیئے جانے کے امکانات روشن ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، ارم بخاری، ساجد بلوچ، جودت ایاز، ندیم محبوب، عنبرین رضا، عثمان اختر باجوہ، مصدق احمد خان، عطاء الرحمان کو گریڈ 22 میں ترقی دینے پرغور ہوگا۔ علاوہ ازیں ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں پولیس سروس کے احمد مکرم، بی اے ناصر، عامر ذوالفقارخان، احسان صادق اور غلام رسول زاہد کو بھی گریڈ22 میں ترقی دینے کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔