مبینہ انتخابی دھاندلی کیخلاف پی ٹی آئی ریلیاں، دھرنے، 30 کارکن گرفتار
وزیرآباد؍ شیخوپورہ؍ میانوالی (نامہ نگاران +نمانئدہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ نوائے وقت) پی ٹی آئی نے ضمنی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف پشاور میں مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی۔ سیالکوٹ میں دھرنا دیا۔ مظاہرین نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے ضمنی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف نعرے لگائے۔ بانی پی ٹی آئی کی کال پر احتجاج کے پیش نظر لیاقت باغ‘ مری روڈ اور چاندنی چوک پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔ پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ اور انتخابات میں منظم دھاندلی کیخلاف احتجاج جاری رہے گا، جعلی مینڈیٹ سے بننے والی حکومتیں زیادہ عرصہ قائم نہیں رہ سکیں گی۔ تحریک انصاف کا مینڈیٹ چوری کرنے والے پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگئے، الیکشن کے نام پر جو تماشہ ہوا تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی، جب تک چھینا گیا مینڈیٹ تحریک انصاف کو واپس نہیں ملتا تحریک انصاف اور قوم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے سلسلہ میںشیخوپورہ پریس کلب کے باہر پہنچ کر ریلی احتجاجی جلسہ کی شکل اختیار کرگئی جس کی قیادت رکن قومی اسمبلی چودھری خرم شہزاد ورک، سٹی صدر میاں افضال حیدر نے کی۔ چودھری شبیر حسین گادھی، چوھری راشد محمود سندھو، حاجی غلام نبی ورک، ڈاکٹر قیصر شہزاد، چوھری کامران ذوالفقار ورک ایڈووکیٹ،وقاص سروررامے سمیت عہدیداروں اور کارکنوں کی بہت بڑی تعداد موجودتھی۔ مقررین نے کہاکہ پنجاب کو پولیس سٹیٹ نہ بنایا جائے پرامن احتجاج سب کا حق ہے۔ پارٹی یوم تاسیس کی تقریبات نہیں کرنے دی گئی۔ احمد خاں بھچر ، جمال احسن، عمیر نیازی اور امین اللہ خان کی قیادت میں میانوالی شہباز خیل موڑ سے داؤد بنک چوک تک ریلی نکالی گئی انہوں نے کہا جلد موسم ٹھیک ہونے کے بعد میانوالی میں گرینڈ جلسہ کریں گے۔کامونکی میں بانی پی ٹی آئی کی کال پر احتجاج کرنے والے 30 کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف حلقہ این اے79کے ایم این اے چودھری احسان اللہ ورک کے ڈیرہ کے باہر کارکنان ہاتھوں میں بینرز اٹھاکر عمران خان کے حق میں نعرہ بازی کررہے تھے کہ صدر پولیس نے چھاپہ مار کر تئیس کارکنوں سہیل انجم،صادق علی،فلکشیر،فیاض،حیدر،ہدائت علی،محمد الیاس،محمد رفیق،محمد جمیل،تیمور حسین،افضال،نصیر احمد،طارق جاوید،عابد،محمد آفتاب،سلامت علی،محمد عارف،سکندر شوکت،عبدالجبار،معظم حسین،جمشید،فلک شیر اور عارف کو گرفتار کرکے تھانہ سٹی میں منتقل کردیا ہے۔ پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جاتے رہے۔پولیس نے پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر پی پی 151 ملک حماد علی اعوان کے ڈیرے پر چھاپہ مارا جبکہ پی پی 149 کے ٹکٹ ہولڈر حافظ ذیشان کے انتخابی دفتر میں بھی پولیس پہنچ گئی۔پولیس نے شاہدرہ میں ٹکٹ ہولڈر یاسر گیلانی کے گھر پر بھی چھاپہ مارا۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ روزنماز جمعہ کے بعد انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کی کال دے رکھی تھی۔جس پر پولیس کا پی ٹی آئی کے کارکنوں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری رہا۔