• news

غلطی سے سرحد پار کرنے والے 2 پاکستانی بھارتی جیل سے رہا، وطن واپس  

 لاہور (نوائے وقت رپورٹ) قصور کے علاقہ پتوکی کے نواحی گاؤں کے رہائشی دو نوجوان ڈیڑھ سال بعد انڈیا سے رہا ہوکر واپس پاکستان پہنچ گئے۔ عباد حسن اور زاہد عباس اگست 2022 میں نادانستہ طور پر بین الاقوامی سرحد عبور کرکے انڈین حدود میں داخل ہوئے،  انہیں بی ایس ایف نے گرفتار کرلیا تھا۔ ان دونوں نابالغ لڑکوں کو جمعہ کے روز بی ایس ایف انڈیا کی طرف سے لاہور کے واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا۔ دونوں پاکستانی نوجوانوں کی رہائی اور وطن واپسی میں پاکستان ہائی کمشن نیو دہلی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ واضح رہے کہ عباد حسن اور زاہد حسین کو بھارتی ترن تارن کی ایک عدالت نے 18 اپریل 2023 کو بری کر دیا تھا۔  دونوں پاکستانی نوجوانوں کو فرید کوٹ انڈیا کے بال سدھار گھر (اصلاحی گھر) میں رکھا گیا۔ جیسے ہی دونوں نوجوان پاکستانی سرزمین میں داخل ہوئے ان کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو چھلک پڑے اور چہروں پر خوشی نمایاں تھی۔ انہوں نے اللہ تعالی کا شکر ادا کیا کہ وہ کم وبیش 19 ماہ بعد واپس اپنے گھر، اپنے پیاروں کے پاس پہنچ گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن