سنگاپور سے پاکستان، یورپ کو ملانے والی فائبر آپٹیکل کیبل کٹ گئی انٹرنیٹ صارفین کو مشکلات
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لئے بری خبر ہے۔ سنگاپور سے پاکستان اور یورپ کو ملانے والی فائبرآپٹیکل کیبل کٹ گئی۔ ساؤتھ ایسٹ ایشیا مڈل ایسٹ یورپ کیبل کو انڈونیشیا کے قریب نقصان پہنچا ہے۔ ذرائع کے مابق آپٹیکل فائبر سب میرین کیبل کو پانچ کٹ لگے، ٹھیک ہونے میں ایک ماہ لگے گا۔ کیبل کٹنے سے مشرقی سمت سے آنے والی انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی۔ پی ٹی سی ایل اور ٹرانس ورلڈ کی مشرقی سمت سے آنے والی ٹریفک بھی متاثر ہوئی ہے۔ پاکستانی صارفین کو انٹرنیٹ استعمال کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل ذرائع پر شفٹ کر دیا گیا ہے۔