• news

غیرقانونی غیرملکیوں کا انخلا تیز کیا جائے: محسن نقوی

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ  ملک میں مذہبی سیاحت کو فروغ دے کر سکھوں سمیت مذہبی مقامات پر غیر ملکیوں کو راغب کیا جاسکتا ہے۔ خواہش ہے کہ سکھوں کے لئے ویزا آن آرائیول ہو۔ اسلام آباد سمیت ملک بھر میں چائنیز کی نقل و حرکت کے لئے سکیورٹی ایس او پیز پر 100فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ آئی جی اسلام آباد اور صوبائی پولیس حکام کو غیر قانونی طور پر موجود غیر ملکیوں کے انخلاء کے لئے کام تیز کرنے کی ہدایت دیدی ہے۔ غیر قانونی طور پر کسی کو پاکستان میں رہنے کی اجازت نہیں ہے۔ وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر داخلہ نے کہا اسلام آباد کے 27تھانوں کو ماڈل تھانے بنانے کا منصوبہ تین سے چار ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ پولیس کو بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا میری اولین ترجیح ہے۔ اسلام آباد  میں سفر کرنے والوں کو ٹریفک جام سے چھٹکارا دلانے کے لئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ آزاد ویزا پالیسی کا حامی ہوں۔ اسلام آباد پولیس میں اگلے 3  ماہ میں بہتری دیکھیں گے۔ اسلام آباد میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹویٹ میں کہا ہم مارگلہ کی خوبصورت پگڈنڈیوں کو محفوظ بنانے کے لیے مارگلہ ٹریل پٹرول کا آغاز کر رہے ہیں۔ خاص طور پر غیر ملکیوں کی حفاظت کے لیے جو ان خوبصورت جگہوں پر جانا پسند کرتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے سکیورٹی کور میں ٹریل موٹر سائیکلوں، گھوڑوں پر گشت اور  پیدل گشت شامل ہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں ایف سکس میں پولیس سہولت مرکز کا دورہ کیا اور شہریوں کی سہولت کے لیے بنائے کائونٹرز کا معائنہ کیا۔  محسن نقوی نے پولیس سہولت مرکز کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا اعلان کیا اور کہا کہ اسلام آباد کے تمام پولیس سہولت مراکز 24/7 اوپن رہیں گے۔ محسن نقوی نے تحفط مرکز اور جینڈر پروٹیکشن سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد علی ناصر رضوی نے پولیس سہولت مراکز کے بارے بریفنگ دی۔

ای پیپر-دی نیشن