انصاف کی فراہمی اولین ترجیح: چیف جسٹس ہائیکورٹ‘ ملتان بار کے وفد کی ملاقات
لاہور (خبرنگار) چیف جسٹس ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان سے ملتان ہائیکورٹ بار کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت صدر ملک سجاد حیدر میتلا نے کی۔ ملتان ہائیکو رٹ باراور ملتان ڈویژن کی مختلف ضلعی و تحصیل بار ایسوسی ایشنز کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی عدالت عالیہ لاہور کی اولین ترجیح ہے۔ وکلاء انصاف کی فراہمی کے نظام کو مزید موثر بنانے کیلئے ہمارے شانہ بشانہ کام کریں۔ صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان نے ملتان بنچ پر ججز کی تعداد میں اضافہ، ملتان کانفرنس ہال کے لئے ایئر کنڈیشنرز اور 5سو ایگزیکٹو چیئرز، خواتین بار ممبران کے لئے لیڈیز بار روم اور ڈے کیئر سنٹر کے قیام کے لئے اقدامات کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ وفد نے چیف جسٹس کو ہائیکورٹ بار ملتان کے دورہ کی دعوت دی۔