• news

پنجاب حکومت کا سموگ  خاتمے کیلئے ماحولیاتی تحفظ اتھارٹی بنانے کا فیصلہ: مریم اورنگزیب 

لاہور ( این این آئی) پنجاب حکومت نے سموگ کے خاتمے اور ماحول کو بہتر بنانے کے لئے ماحولیاتی تحفظ اتھارٹی (انوائرنمنٹل پروٹیکشن اتھارٹی) بنانے کا فیصلہ کر لیا۔اس حوالے سے پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ اتھارٹی ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات اور قوانین پر موثر عمل درآمد یقینی بنائے گی، وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں سموگ کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ شعبہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میں سموگ مانیٹرنگ سیکٹورل سیل بنایا گیا ہے جس میں ہر ڈیپارٹمنٹ کا نمائندہ موجود ہے، ماحول کی بہتری کے لئے وزیراعلی کے وژن پر عمل درآمد کیلئے لیگل فریم ورک بنانے کا کام شروع کر دیا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہر شعبے کے لحاظ سے قوانین اور ضابطوں پر عملدرآمد کیلئے ہنگامی اقدامات کا ایکشن پلان تیار کر لیا گیا ہے، ماحول کے تحفظ کیلئے خصوصی فورس بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، کونسا شعبہ سموگ میں کتنے اضافے کی وجہ بن رہا ہے اس حوالے سے ڈیجیٹل ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ سموگ، زہریلے مادوں اور دھوئیں کے اخراج کے ذرائع پر کریک ڈائون ہوگا، صنعت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے سے متعلق ماحولیاتی قوانین اور ضابطوں پر سختی سے عملدرآمد کرائیں گے، زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر کوئی بھٹہ نہیں چلے گا، زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹے بند کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا جا رہا ہے، زیادہ دھواں چھوڑنے اور خراب انجن والی گاڑیوں کو بند کیا جائے گا، خراب انجن والی گاڑیوں کی مانیٹرنگ اور سرٹیفکیشن کا نظام لایا جا رہا، زہریلے دھوئیں پر کنٹرول کے لئے تمام صنعتوں کو "ایمشن کنٹرول سسٹمز" لگانے کا پابند کرنے کا نظام تیار کر لیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن