خواجہ آصف کی شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع سے ملاقاتیں
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف قازقستان میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق وزیر دفاع نے شنگھائی تعاون تنظیم کے دوست ممالک کے وزرائے دفاع سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں دفاعی تعاون کے اقدامات سمیت علاقائی سلامتی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقاتوں میں دو طرفہ دفاعی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں، علاقائی سلامتی، انسداد دہشت گردی پر بات چیت کی گئی۔ افغانستان کی صورتحال، قومی سلامتی کی ترجیحات کا جائزہ لیا گیا۔ انتہا پسندی کے خطرات، بارڈر مینجمنٹ اور میری ٹائم سکیورٹی پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کو غزہ کی صورتحال پر گہری تشویش ہے۔ پاکستان نے مسلسل 1967ء سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی دو ریاستی حل کی وکالت کی ہے۔ پاکستان کو ایس سی او کے ساتھ شراکت داری پر بہت فخر ہے۔ پاکستان اس ایسوسی ایشن کو مزید گہرا اور وسعت دینے کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے۔