• news

سفیر قازقستان کی لاہور آمد،مختلف شہروں اور کامرس سنٹرز کے دورے

لاہور(خبرنگار) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے قازقستان کے سفیر یرزہان کستفین کی کمشنر لاہور آفس آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ قونصل جنرل قازقستان لاہور راؤ خالد بھی ملاقات میں موجود تھے۔ سفیر نے سالانہ قازقستان ہاؤس لاہور تقریب میں شرکت کیلئے کمشنر لاہور کو دعوت دی۔ کمشنر لاہور نے ملاقات ابتدائیے میں قازقستان اور قازقستان کے سفیر کیلئے پر خلوص جذبات کا اظہار کیا۔ سفیر قازقستان نے کمشنر لاہور کو روایتی قازق جبہ ’’شپن‘‘ اور اردو قازق انگریزی زبان لغت کا تحفہ پیش کیا۔ سفیر نے کہا کہ مجھے لاہور آکر بہت خوشی ہوئی ہے۔ پاکستان خوبصورت ملک ہے۔ انہوںنے تجارت و تعلیم کے حوالے سے پاکستان کے مختلف شہروں اور کامرس سنٹرز کے دورے کیے ہیں۔ یرزہان کستفین نے کہا کہ قازقستان کے شہر ترکستان میں تاریخ کے پہلے صوفیانہ نظام کے بانی خواجہ احمد یساوی کا مقبرہ ہے۔ سفیر قازقستان نے کہا کہ لاہور اور ترکستان کے درمیان مختلف شعبہ ہائے زندگی میں تعاون بڑھ رہا ہے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ لاہور تاریخی و قدیم شہر اور تخلیقی صلاحیتوں کے حامل باسیوں کا شہر ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں و تعلیم کے شعبوں میں تعلقات کو بہت وسعت ملے گی۔ کمشنر لاہور نے لاہور میں ترقیاتی، تجارتی، ثقافتی سرگرمیوں اور ودیگر باہمی دلچسپی کے امور پر اظہار خیال کیا۔ یرزہان کستفین کو عالمگیری دروازہ شاہی قلعہ شیلڈ کا تحفہ پیش کیا۔

ای پیپر-دی نیشن