• news

پانچواں ٹی ٹونٹی آج، پاکستان کو سیریز بچانے کا چیلنج درپیش

لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نامہ نگار)پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی 20انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پانچواں اور آخری میچ آج قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔میچ شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا ۔ پانچ میچوں کی سیریز کے چار ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جاچکے ہیں‘ مہمان نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پاکستان کیخلاف 1-2کی برتری حاصل ہے۔ پاکستانی ٹیم بابر اعظم کی زیر قیادت میدان میں اتریگی ،نیوزی لینڈ ٹیم کو مائیکل بریسویل لیڈ کریں گے،پاکستان ٹیم کو سیریز برابر کرنے کیلئے آخری میچ جیتنا لازمی ہوگا۔قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے ۔فاسٹ بائولر زمان خان کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو شامل کیا جاسکتا ہے ۔ قومی کرکٹر فخر زمان نے کہا ہے کہ اہم کھلاڑی نہیں کھیلتے تو فرق پڑتا ہے، ہم نے بہت غلطیاں کیں، سٹارٹ اچھا نہیں تھا۔ ہمارا ہدف ورلڈ کپ ہے اس کیلئے روٹیشن پالیسی اپنائی ہے، ورلڈ کپ بھی ضروری ہے اور کمبی نیشن بنانا بھی ضروری ہے۔ مجھے مینجمنٹ نے بتا دیا تھا کہ میں پہلے تین میچز نہیں کھیلوں گا، مجھے اور افتخار کو میچ فنش کرنا چاہیے تھا ہم نے میچ بنا دیا تھا۔ اوس سے کوئی فرق نہیں پڑا، ہار سے اعتماد میں فرق پڑتا ہے۔ انٹرنیشنل لیول پر کوئی بی ٹیم نہیں ہوتی سی، ڈی ٹیم بھی ٹف ٹائم دیتی ہیں۔ عثمان خان اچھا کھلاڑی ہے وہ پرفارم کرکے آیا ہے، کوچز عثمان خان کو پلان دیتے ہیں، میں زیادہ نہیں بتاتا کہ وہ ڈبل مائنڈ نہ ہوں۔شروع میں بھی ڈبل مائنڈڈ ہوجاتا جس کی وجہ سے کارکردگی پر اثر پڑتا تھا ۔ عثمان کو بتا یا ہے اپنا نیچرل گیم کھیلے ۔ پانچواں میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کی کوشش کرینگے ۔نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سکاٹ وینینک نے سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا ہے۔ ایم ڈی احسن یونس، چیف ایڈمن شعیب محمود، آپریشن کمانڈر شفیق احمد نے سکاٹ وینینک کو بریفنگ دی۔ نیوزی لینڈکرکٹ کے وفد کو ایئرپورٹ، ہوٹل، سٹیڈیم روٹس کی سکیورٹی اور فورس کی تعیناتی پر بریفنگ دی گئی۔جدید آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کے استعمال اور سکیورٹی اداروں کے تعاون سے متعلق بتایا گیا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے سکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان کیا۔نیوزی لینڈ کرکٹ کے سی ای او جدید کیمروں سے شہر کی مانیٹرنگ دیکھ کر متاثر ہوئے اور کہا کہ ٹیم کا بہترین استقبال کیا گیا اورعمدہ ماحول فراہم کیا گیا ۔نیوزی لینڈ اور پاکستان کرکٹ کا پیشن شیئر کرتے ہیں ۔آپ کا سسٹم ورلڈکلاس ہے اور اسے دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن