• news

 ٹانک کے قریب سیشن جج وزیرستان اغوا   گاڑی نذر آتش: گارڈ کو رہا کر دیا

ڈی آئی خان(نیٹ نیوز+ نوائے وقت رپورٹ )ڈی آئی خان وزیرستان میں تعینات سیشن جج شاکر اللہ مروت کو نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا جبکہ وزیراعلیٰ نے نوٹس لے کر آئی جی کو بازیاب کرانے کی ہدایت جاری کردی۔ تفصیلات کے مطابق سیشن جج وزیرستان کو ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے سنگم سے نامعلوم افراد نے اسلحے کے زور پر اغوا کیا اور اپنے ہمراہ لے گئے۔پولیس کے مطابق اغوا کاروں نے سیکیورٹی گارڈ کو رہا کر کے جج کی گاڑی کو نذر آتش کردیا۔واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کے اعلی حکام موقع پر پہنچے اور داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کردی۔سیشن جج کے مبینہ اغوا  پر پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ٹانک کے قریب سیشن جج وزیرستان کا اغوا  انتہائی افسوس ناک اور تشویشناک ہے۔ وزیر اعلیٰ بتائیں وہ قیام امن میں کیوں سنجیدہ نہیں اور دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں، میڈیا پر سیشن جج وزیرستان شاکر مروت کے اغوا کی خبروں نے عوامی عدم تحفظ کے احساس میں اضافہ کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے جج کو بازیاب کرانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور اس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن