• news

تیز بارش میں سینی ٹوریم ہسپتال مری کا دورہ، مریض منتقلی کیلئے میرا ہیلی کاپٹر بھی حاضر: مریم نواز

لاہور،مری (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ+بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے تیز برستی بارش میں ساملی سید محمد حسین گورنمنٹ ٹی بی سینیٹوریم ہسپتال کادورہ کیا۔ مریم نواز شریف نے مری، گلیات سمیت پورے ایریا میں مربوط ہیلتھ سسٹم قائم کرنے کا حکم دیا۔ پہاڑی علاقوں میں ایمرجنسی کی صورت مریضوں کی منتقلی کے لئے ہیلی پیڈ اور ایئر سٹریپ بنانے کی ہدایت کی۔ مدر اینڈ چائلڈ بلاک فوری طور پر فنکشنل کرنے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز، سٹاف کی تعیناتی اور ان کی رہائشوں کے لئے فوری اقدامات کیے جائیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ساملی ہسپتال میں جنرل وارڈز قائم کرنے کا حکم دیا اور جدید ترین کارڈیک بلاک قائم کرنے کی ہدایت کی۔ سید محمد حسین گورنمنٹ ٹی بی سینیٹوریم ہسپتال میں کینسر کے علاج کے لئے انکالوجی یونٹ بھی بنے گا۔ میڈیسن، سرجرجی، یورالوجی، آرتھو، آئی، ای این ٹی وارڈز بنیں گے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے مری میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اور ساملی ہسپتال میں مریضوں کی منتقلی کے لئے ٹرانسپورٹ فوری طور چلانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے او پی ڈی، وارڈ اور دیگر شعبوں کا جائزہ لیا اور او پی ڈی میں لیڈی ڈاکٹر سے ہسپتال اور مریضوں کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیر اعلیٰ نے او پی ڈی میں موجود خاتون کے بھائی کے فوری علاج کے لئے اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ مریض کی منتقلی کے لئے میرے ہیلی کاپٹر بھی چاہیے تو حاضر ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم شریف ٹی بی وارڈ بھی گئیں اور ہر مریض کے پاس جا کر تیمارداری کی۔ وزیر اعلیٰ نے مریضوں سے علاج کے بارے میں دریافت کیا، جلد صحت یابی کیلئے دعائیں دیں۔ ٹی بی کے مریض راجا اسرار کی وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بیٹی حال پوچھنے آئی ہے، میں بہت خوش ہوں۔ مریم نواز شریف نے لاہور سمیت صوبے بھر میں بارشوں کے امکان پر پیشگی حفاظتی اور ضروری انتظامی اقدامات کا حکم دیا ہے۔ 29 اپریل تک صوبے میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی پر پیشگی اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نکاسی آب کے لئے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ایم ڈی واسا کو متحرک رہنے کا حکم دیا اور متعلقہ آفیسرز کو تمام شفٹ فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ انتظامیہ اور واسا متحرک رہیں، نکاسی آب کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں جائیں۔لاہور اور دیگر شہروں میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن