ائرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کیلئے اقدامات مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں: اسحاق ڈار
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقتصادی سفارت کاری کو بڑھانے اور بیرون ممالک کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ہفتہ کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ نے ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ کیلئے بیرون ملک پاکستانی مشنز کے ذریعے کی جانے والی مارکیٹنگ کو بہتر بنانے کی کوششوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے مشنز کے سربراہان کے ساتھ آن لائن اجلاس کی صدارت کی۔ سیکرٹری ایوی ایشن/ ڈی جی سی اے اے نے اب تک ہونے والی پیشرفت کا جائزہ پیش کیا اور بتایا کہ ترکیہ، ملائیشیا، متحدہ عرب امارات، قطر، فرانس، سپین، جرمنی، کویت، برطانیہ اور سوئٹزرلینڈ میں مشن کے سربراہان کی مشترکہ کوششوں سے معروف ہوائی اڈہ آپریٹرز کے مفادات کو تقویت ملی ہے اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بولی میں مثبت دلچسپی ظاہر کی گئی ہے۔ وزیر خارجہ کو بتایا گیا کہ غیر ملکی ایئر پورٹ آپریٹرز کی یہ دلچسپی معاشی استحکام اور پاکستان میں سیاسی استحکام میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کی گواہی دیتی ہے۔ آن لائن سیشن کے بعد ہوائی اڈوں کی آٹ سورسنگ سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کا 9واں اجلاس ہوا۔ آئی ایف سی نے پیش رفت کی جائزہ رپورٹ پیش کی اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ غیر ملکی سرمایہ کار اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بولی کے عمل میں گہری دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں اور ایک صحت مند مقابلے کی توقع ہے۔ وزیر خارجہ نے آئی ایف سی پر زور دیا کہ وہ لاہور اور کراچی ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے مقررہ مدت میں مطلوبہ اقدامات کو تیز اور مکمل کرے۔