• news

حرمت اقصیٰ کنونشن جہلم حکمران اسرائیل کیخلاف عملی کردار ادا کریں: مقررین

لاہور (نیوز رپورٹر) غزہ پر اسرائیلی جارجیت کے 200 دن مکمل ہونے پر لاہور میں حرمت اقصیٰ کنونشن سے علماء مشائخ اور مذہبی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین پامالی کر رہا ہے، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کے اداروں اور عالمی برادری کی خاموشی افسوس ناک ہے۔ مسلم حکمران متحد ہوکر اسرائیلی مظالم کے خلاف عملی کردار ادا کریں،حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عالمی اسلامی کانفرنس لاہور میں منعقد کی جائے۔یکجہتی فلسطین کے لیے ہونے والی کانفرس میں دنیا بھر کی جماعتوں کے نمائندوں کو دعوت دی جائے۔ اسرائیل کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے اور غزہ کے محصورین کے لیے ترجیحی بنیادوں پر امداد پہنچائی جائے۔ حماس کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں،پاکستان کے علمائے کرام اور عوام ہر سطح پر فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔  ان خیالات کا اظہار مفتی اعظم غزہ ڈاکٹر محمود یوسف الشوبکی، صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو، مرکزی رہنما پروفیسر سیف اللہ خالد،چئیرمین علماء مشائخ قاری محمد یعقوب شیخ، نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، چیئرمین قرآن و سنت موومنٹ علامہ ابتسام الہٰی ظہیر، امیر جماعت اہل حدیث پاکستان حافظ عبدالغفار روپڑی، مدیر جامعہ الدعوہ اسلامیہ مفتی عبدالرحمن عابد، صدر لاہور ڈویڑن چوہدری محمد سرور اور جنرل سیکرٹری لاہور انجنئیر حارث ڈار سمیت دیگر قائدین نے کیا۔ مرکزی مسلم لیگ لاہور کی میزبانی میں الحمراء ہال میں حرمت اقصیٰ کنونشن کے موقع پر مشترکہ اعلامیہ بھی پیش کیا گیا، جس میں اسرائیلی مظالم کی مذمت، حماس کی مزاحمت کو خراج عقیدت اور غزہ میں اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سلسلہ روکنے کے لیے عالمی برادری سے کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی۔ غزہ کے مسلمانوں کی امداد کے لیے بھی اپیل کی گئی۔ کنونشن میں شہر بھر سے ہزاروں علماء ، مفتیان، خطباء و دینی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ مفتی اعظم غزہ ڈاکٹر محمود یوسف الشوبکی سے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ صرف زمین کا نہیں یہ دراصل بیت المقدس کا مسئلہ ہے۔ جب سے اس مقدس سرزمین پر یہودیوں کا تسلط قائم ہوا اس وقت سے عالم اسلام پر اس کی آزادی کے لیے کردار ادا کرنا فرض ہے۔ خالد مسعود سندھو نے کہا کہ آج پوری دنیا میں مسلمان تعداد میں زیادہ ہونے کی باوجود ذلت کی زندگی گزار رہے ہیں۔او آئی سی سے مطالبہ کرتا ہوں کہ غزہ کے نام پر اجلاس طلب کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن