• news

کینیڈین کمپنیوں کو توانائی، کان کنی، آئی ٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی: دفتر خارجہ 

اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے)کینیڈین کمپنیوں کو پاکستان میں توانائی، کان کنی اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت ، پاکستان اور کینیڈا دوطرفہ سیاسی مشاورت کا 5واں 26 اپریل 2024ء کو اوٹاوا میں منعقد ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ امریکہ سفیر مریم آفتاب نے کی جبکہ کینیڈین وفد کی سربراہی اسسٹنٹ ڈپٹی منسٹر انڈو پیسیفک ویلڈن ایپ عالمی امور کینیڈا نے کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا اور مزید تعاون کے مواقع اور خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، پارلیمانی تبادلوں، انسداد دہشت گردی اور عوام سے عوام کے رابطوں کے شعبوں میں امکانات کی نشاندہی کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ نے کینیڈین فریق کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات سے آگاہ کیا اور کینیڈین کمپنیوں کو پاکستان میں توانائی، کان کنی اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔فریقین نے دوطرفہ تعلقات میں مجموعی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ کینیڈین فریق کو جنوبی ایشیائی خطے بالخصوص افغانستان، پاک بھارت تعلقات اور بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چھٹا دور باہمی مشاورت سے طے کردہ مناسب تاریخوں پر اسلام آباد میں ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن