• news

شہریار آفریدی کے رابطے کا علم نہیں خود جواب دے سکتے ہیں: علی امین گنڈا پور

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت +نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ٹو بغیر مینڈیٹ کے مسلط کی گئی ہے یہ تجربہ کامیاب نہیں ہو گا۔ جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ شہباز شریف نے ٹھیک کہا،  شریف اور زرداری فیملی کو ہمیشہ اپنی ذاتی معیشت کی فکر ہے۔ ذاتی معیشت کے حوالہ سے لوٹ مار اس کا ثبوت ہے، پاکستانی معیشت کا جو اقتدار میں رہ کر حال کیا، جو تباہی ہوئی وہ سب بھی سامنے ہے۔ ملکی معیشت کا ان لوگوں کوکوئی احساس نہیں، ذاتی معیشت کیلئے لگے ہوئے ہیں، اس دفعہ وہ پریشان ہیں کہ اس بار ملک میں اتنا پیسہ نہیں ہے وہ کہاں سے کھائیں گے؟۔ بانی پی ٹی آئی ہمارے لیڈر ہیں، ان کی پارٹی ہے، چھوڑ جانے والوں کو واپس لینے کا فیصلہ بھی ان کا ہی ہو گا، شہریار آفریدی کے بیان سے متعلق وہی جواب دے سکتے ہیں۔ ریکارڈ چیک کر لیں میرے بھائی کے مقابلے میں کسی نے ٹکٹ کیلئے اپلائی ہی نہیں کیا تھا، بانی پی ٹی آئی سے مشعال یوسفزئی اور خالد مروت سے متعلق کوئی شکایت نہیں کی، جس نے بات کی وہی جواب دے، بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ ملک اور اداروں کی بات کی، وہ سمجھتے ہیں کہ وہ بات نہیں کرنی چاہیے، جو ملک اور اداروں کیلئے بہتر نہ ہو۔ قبل ازیں توڑ پھوڑ اور احتجاج کے کیس میں انسداد دہشتگری عدالت اسلام آباد نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 6 مئی تک توسیع کر دی۔ انسداد دہشتگری عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے سماعت کی۔ جج طاہر عباس سپرا نے کہا  کہ کیس کی سماعت میں بار بار پوچھ رہا تھا کہ علی امین گنڈا کی طرف سے کوئی موجود ہے، جس پر کے پی وزیراعلیٰ نے کہا کہ 6 مئی کو پشاور میں ایک میٹنگ ہے وہاں جانا ضروری ہے، اگر 6 مئی کی تاریخ رکھنی ہے تو حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ ملک اور اداروں کی بات کی۔ بانی پی ٹی آئی سمجھتے ہیں کہ وہ بات نہیں کرنی چاہئے جو ملک اور اداروں کیلئے بہتر نہ ہو۔ حال ہی میں پی ڈی ایم ٹو کی صورت میں جو تباہی ہوئی سب کے سامنے ہے۔ علی امین نے کہا کہ شہریار آفریدی نے بیان دیا اس کا کوئی رابطہ ہو گا اس حوالے سے‘ وہی جواب دے سکتے ہیں‘ جو کوشش انہوں نے کی علم نہیں‘ کس کے کہنے پر کیا کوشش کی اس بات کا جواب بھی وہی دے سکتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی سے شکایت کی خبر لگانے والوں سے ہی پوچھا جائے۔ مشعال یوسفزئی اور خالد مروت سے متعلق بانی پی ٹی آئی سے کوئی شکیات نہیں کی‘ جس نے بات کی وہی جواب دے۔ بانی پی ٹی آئی لانگ مارچ کے حوالہ سے جو بات اور فیصلہ کریں گے ہم تیار ہیں۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے تھانہ بنی گالا میں درج مقدمے میں وزیر اعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور سمیت تمام ملزموں کو بری کر دیا۔ مدعی نے عدالت کو بتایا کہ وقوعے میں زخمی ہونے والا بندہ ملک سے باہر ہے، عدالت نے مدعی کو ہدایت دی کہ اس کی سکائپ آئی ڈی دیں ، عدالت نے سکائپ کے ذریعے فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے شخص کا بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کر دی۔ وکیل مدعی نے عدالت کو بتایا کہ علی امین گنڈا پور 109 کی حد تک تھے، ان سے کمپرومائز ہوچکا ہے، نامزد ملزموں کو بھی معاف کر دیا ہے۔ عدالت کی جانب سے بیرون ملک ہونے کے باعث متاثرہ شخص محمد ولید کا آن لائن بیان لیا گیا، عدالت نے محمد ولید سے استفسار کیا کہ اس مقدمے میں آپ نے راضی نامہ کر لیا ہے، جس پر محمد ولید نے بیان دیا کہ جی میں نے فی سبیل اللہ معاف کر دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن