• news

وکلاء کیخلاف مقدمات واپس لئے جائیں‘ ہائیکورٹ بار: کل  ہڑتال ہوگی

لاہور (خبر نگار + نیٹ نیوز) لاہور ہائیکورٹ بار نے آل پاکستان وکلاء کنونشن کا اعلامیہ جاری کر دیا۔ اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا کہ وکلاء کے خلاف درج مقدمات فی الفور ختم کئے جائیں، ملک بھر میں گرفتار وکلاء کو باعزت بری کیا جائے۔ لاہور کی ماڈل ٹاؤن کورٹس میں عدالتیں منتقل کرنے کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے۔ جس طرح پہلے لاہور کی عدالتیں ایک جگہ پر موجود تھی ویسے کام شروع کریں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کو مشکوک خطوط پر عدالت عظمیٰ کا از خود نوٹس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے۔ ذمہ داروں کو سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ کوئی آئندہ ایسی جرات نہ کر سکے۔ بار کونسل نے ہمیشہ آئین اور قانون کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کا تحفظ کیا۔ وکلاء تنظیموں نے کل 29 اپریل پیر کو ماتحت عدالتوں میں ہڑتال کی کال دے دی۔ لاہور ہائیکورٹ بار نے ساڑھے گیارہ بجے کے بعد ہڑتال کی کال دی۔ ماڈل ٹاؤن کی سول عدالتیں مکمل طور پر بند رہیں گی اور ان عدالتوں کی حد تک ہڑتال رہے گی اور جو بھی وکیل ان عدالتوں میں پیش ہو گا اس کا لائسنس اور ممبرشپ معطل کر دی جائے گی، بعد ازاں منسوخ کر دی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن