مقبوضہ کشمیر: محاصرے، تلاشی کارروائیاں جاری، رہنما جماعت اسلامی، زاہد علی کی نظر بندی کالعدم قرار
سرینگر(کے پی آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر کی ہائیکورٹ نے جماعت اسلامی کے رہنماء اور پارٹی کے سابق ترجمان ایڈووکیٹ زاہد علی کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ(پی ایس اے) کے تحت نظر بندی کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر رہا کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ قبل ازیں عدالت تین مرتبہ زاہد علی پر لاگو کالا قانون پی ایس اے کالعدم قرار دے چکی ہے۔ جبکہ شمالی کشمیر کے کئی علاقے سوپور میں دو مجاہدین کی شہادت کے بعد ہفتے کو بھی بھارتی فوج محاصرے میں رہے جبکہ بانڈی پورہ جنگلات میں قابض فوج مجاہدین کی تلاش کے لئے شروع کئے گئے آپریشن میں ہیلی کاپٹروں کا بھی استعمال کر رہی ہے۔ گزشتہ روز سوپور میں دو مجاہدین کی ایک طویل معرکے میں شہادت کے بعد بھارتی فوج نے شمالی کشمیر کے وسیع علاقوں کا محاصرہ مسلسل جاری رکھا ہوا ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ جموں و کشمیر میں بارشوں نے تباہی مچا دی، کنگن گاندربل میں شدید ژالہ باری سے پھل باغات اور فصلوں کو نقصان پہنچا جبکہ ضلع رام بن میں زمین دھنسنے کے باعث 30 کے قریب مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے، ساڑھے تین سو کے قریب لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔ ادھر ضلع رام بن میں گول روڈ پر نوٹ گائوں میں زمین دھنسنے کے باعث 30 کے قریب مکانات مکمل طورپر تباہ ہوگئے۔ مکانات تباہ ہو جانے کے سبب تین سو سے زائد افراد اپنے گھریلو سازو سامان اور مویشیوں سمیت کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں سانحہ گنڈیل میں لاپتہ ایک کمشن بچے کی لاش گیارہ روز بعد دریائے جہلم سے برآمد کی گئی جبکہ مزید لاپتہ باپ بیٹے کی تلاش جاری ہے، کے پی آئی کے مطابق گنڈبل بٹوراہ المناک سانحے کے گیارہ روز بعد تین لاپتہ افراد میں سے گزشتہ روز ایک کمسن بچے کی نعش راج باغ کے قریب زیرو برج سرینگر سے برآمد کی گئی۔