• news

کمپنی سرسبز یوریا کی قیمت میں  561 روپے اضافہ واپس لے: رانا تنویر

اسلام آباد‘ شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر نے کھاد کمپنی کی جانب سے سرسبز یوریا کی قیمت میں یکطرفہ اضافے کا سخت نوٹس لے لیا۔ کاسٹ اکاؤنٹنٹ وزارت صنعت نے فاطمہ فرٹیلائزر کو ایک خط لکھا ہے جس میں یہ کہا گیا ہے کہ سر سبز کھاد کی ان پٹ کاسٹ میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے تو کمپنی نے سیل پرائس میں اضافہ کر دیا ہے۔ کمپنی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قیمت میں اضافے کا جواز پیش کرے اس میں ناکامی کی صورت میں وزارت صنعت و پیداوار پرائس فکسنگ رجیم  کے تحت اقدام کر سکتی ہے۔ فرٹیلائزر کمپنی نے یکطرفہ قیمت میں 561 روپے فی بوری کا اضافہ کر دیا تھا، دریں اثناء وفاقی وزیر رانا تنویر  نے کہا کہ فرٹیلائزر کمپنی یکطرفہ اضافہ واپس لے۔ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ کسی صورت میں بھی کسانوں اور زمینداروں کا استحصال نہیں ہونے دیں گے۔ کسانوں کے مسائل کے تدارک کے لیے میں نے قومی اسمبلی میں بھی آواز بلند کی ہے اور صوبائی حکومتوں کو مراسلہ بھی لکھا ہے۔ صوبائی حکومتیں گندم کی خریداری کر رہی ہیں کیونکہ کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا، اپنی اقامت گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اس موقع پر سابق ممبر ضلع کونسل حاجی طارق محمود ڈوگر، سابق ٹکٹ ہولڈر چودھری ارشد ورک سمیت دیگر  بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا حالیہ بیان قومی یک جہتی کی علامت ہے اور وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پی ٹی آئی کو اپنی مزاحمتی سیاست کو ترک کرنا ہوگا، بانی پی ٹی آئی نے نوجوان نسل کو گمراہ کیا، پی ٹی آئی سانحہ 9مئی کی سزا بھگت رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن