جمہوریت کی مضبوطی کیلئے مذاکرات ضروری، پی ٹی آئی کا رویہ قوم دیکھ چکی: وزیر قانون
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ طاقت کی دھمکیوں سے نہ کسی کو فائدہ ہوا ہے اور نہ ہو گا۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے پہلی بار اسلام آباد پر قبضے کی بات نہیں کی، ایسی باتوں کا نتیجہ پہلے بھی عوام کے سامنے ہے۔ پی ٹی آئی کا جو رویہ ہے وہ قوم دیکھ چکی، عدالتی معاملات کو عدالت اور سیاسی معاملات کو ڈائیلاگ سے حل کرنے چاہئیں۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئے مذاکرات ضروری ہیں۔ گندم خریداری پر ایک سپیشل کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جو تین دن بعد رپورٹ پیش کرے گی۔ گندم کی خریداری کا معاملہ حل کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ کسانوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے نہ صرف ٹارگٹ بڑھایا بلکہ صوبائی حکومتوں سے بھی بات کی ہے۔