ٹانک سے اغواء ہونے والے سیشن جج بازیاب
ٹانک (نوائے وقت رپورٹ) ٹانک سے اغواء ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاکر اﷲ مروت کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ہفتے کو 25 بائیک سواروں نے ناکہ لگا کر گاڑی روکی‘ فائرنگ کی اور جج‘ ڈرائیور کو گاڑی میں بٹھا کر جنگل لے گئے۔ بعد میں گاڑی جلا دی‘ ڈرائیور کو پیغام دیکر چھوڑ دیا گیا تھا۔قبل ازیں اغوا ہونے والے جج شاکراللہ مروت کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی ڈیرہ اسماعیل خان میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔ ایف آئی آر میں بتایا گیا ملزم بھاری اسلحہ سے لیس تھے اور انہوں نے چار سے پانچ موٹر سائیکلوں سے روڈ بلاک کر رکھا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق ڈرائیور کو رہا کر کے دہشت گردوں نے اپنا پیغام پہنچانے کو کہا۔ دہشت گردوں نے کہا ان کے رشتہ داروں اور خواتین کو جیلوں میں رکھا ہوا ہے دہشت گرد اپنے مطالبات پیش کریں گے اگر پورے کیے تو جج کو چھوڑ دیں گے ورنہ سنگین نتائج بھگتنا ہونگے۔