قتل کی سازش پر سکھ رہنما گرپتونت کا مودی کیخلاف عالمی عدالت جانے کا اعلان
واشنگٹن (این این آئی) سکھ فار جسٹس نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف عالمی عدالت میں جانے کا اعلان کیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکہ میں بھارت کی ناکام قاتلانہ سازش کا شکار سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ بھارتی وزیر اعظم مودی کے خلاف عالمی عدالت میں جائیں گے۔ گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ عالمی عدالت میں مودی کے خلاف مقدمات قائم کیے جائیں گے۔ مودی نے امریکہ، کینیڈا، اور پاکستان میں قاتلانہ حملوں کی ذمہ داری کو تسلیم کیا ہے۔ بھارت پاکستان میں کشمیری اور سکھ رہنماؤں کے قتل میں ملوث ہے۔ گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا ہم بھارت سے مسلمانوں اور سکھوں کے قتل کا بدلہ لیں گے اور بین الاقوامی قوانین کے تحت مودی کا احتساب کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گرپتونت سنگھ کو قتل کرنے کی بھارتی سازش کو چند ماہ قبل امریکی انٹیلی جنس نے ناکام بنایا تھا۔