• news

ڈی آئی خان: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، فائرنگ کا تبادلہ، 2 دہشتگرد ہلاک

اسلام آباد، بلوچستان (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں فہیم نواز عرف گنڈا پوری اور محسن نواز شامل ہیں جن سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں کے ساتھ ساتھ ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری سمیت بے گناہ شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے ہیں۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ اہل علاقہ کی جانب سے سکیورٹی فورسز کے آپریشن کو سراہا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن