شکایات کا جلد ازالہ کیا جائیگا، مسائل حل کرنا آپ کا حق، ہماری ذمہ داری: وزیر داخلہ
لاہور (آئی این پی ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کے لاہور شملہ پہاڑی میں نادرا سینٹر کے دورہ پر شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی آمد پر نادرا سینٹر میں شدید رش نظر آیا، وفاقی وزیر نے شہریوں کی شکایات پر سٹاف کی کمی کا نوٹس لے لیا اور نادرا سنٹر شملہ پہاڑی کو بہت جلد مثالی سینٹر بنا نے کی یقین دہائی کرائی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہریوں کی شکایات کا جلد ازالہ کیا جائے گا، میں نے سینٹر کا دورہ کرکے تمام حالات کا خود جائزہ لیا ہے، آپ کے مسائل حل کرنا کوئی احسان نہیں، یہ آپ کا حق اور ہماری ذمہ داری ہے۔ دریں اثنا محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے بزرگ شہری نے کہا کہ آپ آگئے ہیں اب ہمارے مسئلے حل ہو جائیں گے، آپ کا بہت نام ہے، یقین ہے کہ نادرا سنٹر کو بھی آپ ہی بہتر بنائیں گے۔