ورکرز سیفٹی یقینی نہ بنانے والی کمپنیوں کو جرمانہ ہو گا، لیبر قوانین میں ترمیم لا رہے ہیں: مریم نواز
لاہور+ مری ( نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف دورہ مری میںایک دن قیام کے بعد اتوار کی دوپہر کو اسلام آباد روانہ ہوئیں، وزیراعلی پنجاب ایکسپریس وے مری سے اسلام آباد کا سفر کیا۔ جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کام کی جگہ پر حفاظت اور صحت کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس دن کا مقصد ورکرز کیلئے ورک پلیس پر تحفظ اور صحت مند ماحول یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔ پنجاب کے ہر ورکر کی صحت، بہبود اور حفاظت کے لیے پرعزم ہوں۔مزدورکی حفاظت سب سے پہلے ہے،ہر روز بحفاظت گھر واپسی یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب،نجی اداروں کے اشتراک سے آکو پیشنل سیفٹی مہم شروع کر چکی ہے۔ کارخانوں، دفاتر،تعمیراتی مقامات اور کھیتوں میں ورک پلیس پر سیفٹی کلچر کا شعور ضروری ہے۔ سیفٹی ایکٹ اور ٹریننگ کرکے حادثات کو روک سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مالکان کو ورکرز کا تحفظ اور صحت مند ماحول یقینی بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ لیبر قوانین میں ترمیم لا رہے ہیں، ملازمین کی صحت اور حفاظت کی پروا نہ کرنے والی کمپنی کو جرمانہ ہو گا۔آکوپیشنل سیفٹی حکومت کی ذمہ داری ہے، عملدرآمد ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے فیکٹری مالکان کو ہدایت کی کہ ورکرز کے سیفٹی گیئر پر توجہ دیں اورمحفوظ ماحول فراہم کریں۔ مریم نوازشریف نے سینئر سیاستدان اور پارٹی کے مرکزی رہنما افضل تارڑ کی وفات پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلی پنجاب نے مرحوم کی صاحبزادی سائرہ افضل تارڑ اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہارتعزیت کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ افضل تارڑ قائد محمد نوازشریف کے قریبی، بااعتماد اور وفاشعار ساتھی اورمیرے شفیق بزرگ تھے۔ ان کی وفات ہم سب کیلئے بہت بڑا صدمہ ہے۔آمریت کا طوفان ہو کوئی سیاسی جدوجہد یا دور اقتدارہو، افضل تارڑ ہمیشہ ایک پْرخلوص اور وفادار ساتھی کی طرح پارٹی کے ساتھ حق کے راستے پر ڈٹے رہے۔ وہ سیدھے راستے پر چلنے اور مخلوق خدا کی خدمت کرنے والے کھرے انسان تھے۔ملک وقوم، پارٹی کے لئے اْن کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مصری شاہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سب انسپکٹر ارشد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔