دنیا میں مصنوعات بیچنے کیلئے ہمیں ونڈوبناناہوگی: اعجاز الرحمان
لاہور( کامرس رپورٹر)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان نے کہا ہے کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کی برآمدات کا ماضی میں بہت اچھا ٹریک ریکارڈ ہے اس لئے حکومت سے مطالبہ ہے کہ اس صنعت کی سرپرستی اور اس کے مسائل کو حل کیا جائے‘ہمیں دنیا کے سامنے پاکستان کی انوویشن کی طاقت کو پیش کرنا ہوگا ،دنیا میں اپنی مصنوعات بیچنے کیلئے ہمیں اپنی ونڈوبناناہوگی جس کیلئے برینڈنگ اورمارکیٹنگ پر بھرپو ر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوںنے کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اعجاز الرحمان نے کہاکہ پہلے بھی مطالبہ کرچکے ہیں کہ ہاتھ سے بنے ہوئے قالینوں کی ڈیزائنگ ،برینڈنگ اور دوسرے شعبوںکو نصاب اور کورسز کا حصہ بنایا جائے ،ہمیںبیرون ممالک قائم پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے ان مارکیٹو ں تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے جو ابھی تک ہمیں دسترس سے باہر ہیں ،پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت روایتی حریف سمیت دیگر ممالک کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اس کیلئے صرف حکومت کی معاونت اور سرپرستی درکار ہے۔