• news

 آئی جی کی پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ آمد، سب انسپکٹر محمد ارشد شہید کی نماز جنازہ ادا 

لاہور (نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں لاہور پولیس کے سب انسپکٹر محمد ارشد شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، سیکرٹری ہوم نور الامین مینگل، ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ عمران کشور، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران، ایس ایس پی آپریشنز علی رضا، ایس پیز انوسٹی اینڈ آپریشنز ونگ سمیت سینئر افسران نے شرکت کی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے سب انسپکٹر محمد ارشد کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ سب انسپکٹر محمد ارشد کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سب انسپکٹر محمد ارشد شہید کے جسد خاکی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ سب انسپکٹر محمد ارشد نے فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کرکے محکمہ کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ سب انسپکٹر محمد ارشد کی عمر 57 برس تھی۔ پسماندگان میں اہلیہ اور 3 بیٹے شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب نے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی، مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوںنے کہا پنجاب پولیس سب انسپکٹر محمد ارشد کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کا ہر ممکن خیال رکھے گی۔ پنجاب پولیس سب انسپکٹر محمد ارشد جیسے 16 سو سے زائد شہداء اور 1700 سے زائد غازیوں کی امین فورس ہے۔

ای پیپر-دی نیشن