پیف سکولز عدم ادائیگیوں کی وجہ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے:ارشد اٹارا
لاہور (لیڈی رپورٹر) ممتاز ماہر تعلیم پروگریسو پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل شیخ ارشد اٹارا نے کہا ہے کہ گزشتہ 3ماہ سے پیف سکولز عدم ادائیگیوں کی وجہ سے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔ حکومت پنجاب کی ناہلی اور بے حسی اور تعلیم دشمنی پالیسی کی وجہ سے پیف سکولز بند ہو جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے تحت چلنے والے صوبہ بھر میں 7500سکولز کو گزشتہ 3ماہ سے بچوں کی فیسوں کی مد میں حکومت سے ادائیگی نہیں ہوسکی۔ جس کی وجہ سے پیف سکولز میں شدید مالی بحران پیدا ہوگیا ہے۔ عدم ادائیگیوں کی وجہ سے اساتذہ اور سٹاف تنخواہوں سے محروم ہوگیا ہے۔ جبکہ 27 لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہوجائیں گے۔ 7500 پیف سکولز بند ہو جائیں گے جبکہ یوٹیلٹی بلز ، بجلی، پانی، ٹیلی فون کی عدم ادائیگی کی وجہ سے یہ کنکشنز بھی کٹ جائیں گے۔ شیخ ارشد اٹارا نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی ہے کہ باقی سکیموں کو بعد میں دیکھا جائے۔ پہلے پنجاب حکومت تعلیم کی طرف فوری توجہ دے ۔