• news

حکومت مدت پوری کرے گی، نئے الیکشن مسائل کا حل نہیں: قمر زماں کائرہ

گجرات (نامہ نگار) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر چوہدری قمر زمان کائرہ نے کہا ہے حکومت اپنی مدت پور ی کرے گی۔ شوشہ چھوڑا جا رہا ہے کہ حکومت چند دنوں کی مہمان ہے اگر موجودہ حکومت چلی گئی تو دوسرا کون آئے گا؟ انہوں نے کہا کسی کا خواب اور خواہش ہے کہ حکومت کو گرا لیں گے تو پھر اس کے علاوہ دوسری کوئی جماعت حکومت نہیں بنا سکے گی۔ سنی اتحاد کونسل والے تو کسی کیساتھ نہیں مل سکتے نئے انتخابات کا راگ الاپنا مسائل کا حل نہیں۔ صوبائی حکومتوں کے ہوتے ہوئے اگر قومی اسمبلی کے الیکشن بھی کروائے جائیں تو مسئلہ حل ہونے کی بجائے مزید گھمبیر یا بڑا سیاسی بحران پیدا ہو جائے گا۔ سیاسی جماعتوں کو وقت کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے فہم و فراست و تدبر اور تحمل سے مسئلہ حل کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کیلئے ڈائیلاگ ہی مسائل کا حل ہے۔ ڈیڈلاک دینا یا دھمکیوں سے کوئی نیتجہ نہیں نکل سکتا صرف اپنے مسائل ڈکیٹٹ کرنے کی بجائے حکومت کی مشکلات کو بھی سمجھا جائے، موجودہ صورتحال میں کسی ایک جماعت کے پاس اس کا کوئی حل نہیں اگر سبھی جماعتیں ملکر آگے بڑھیں گی تو صورتحال پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ پنجاب اور گورنر کی تبدیلی صدر مملکت کی صوابدید ہے اس حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا میں قیادت کا ہمیشہ سے مشکور ہوں جس نے مجھے اس فہرست میں شامل کیا۔

ای پیپر-دی نیشن