• news

اسلامی ترقیاتی بنک نے نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 418 ملین ڈالر مختص کردئیے

ریاض(این این آئی)اسلامی ترقیاتی بنک (آئی ڈی پی)کی گولڈن جوبلی کے موقع پر ریاض میں منعقدہ 355 ویں اجلاس میں رکن ممالک میں چار نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 418 ملین ڈالر مختص کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔سعودی اخبار کے مطابق بنک کے صدر ڈاکٹر محمد الجاسر کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں متعدد رکن ممالک میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے خطیررقم مختص کی گئی۔جاری اعلامیے کے مطابق تاجکستان میں ہائیڈروالیکٹرک پاور اسٹیشن منصوبے کی تعمیر کے لیے 150 ملین ڈالر مخصوص کیے گئے۔منصوبے کا مقصد گھریلو صارفین کی طلب کو پورا کرنے کے لیے صاف اور سستی بجلی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔آئیوری کوسٹ کے لیے 70.46 ملین یورو رکھیگئے جس کے تحت خواتین اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے مختلف منصوبوں پرکام کیا جائے گا۔فیصلے کے مطابق ترکیہ باشق بیشکریک منصوبے کے لیے 120 ملین یورو مختص کیے گئے جس کے تحت مارمارا پروجیکٹ کی تعمیر کی جائے گی۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد آبنائے باسفورس کے لیے متبادل ٹرانزٹ روٹ فراہم کیا جاسکے گا۔علاوہ ازیں گرین ہاوس اور گیسوں کے اخراج کو بھی کم کرنے کے منصوبے پر کام کیا جائے گا۔اسلامی ترقیاتی بنک گروپ کے اجلاس میں رکن ممالک کی ترقی کی کوششوں اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کو آسان بنانے کے علاوہ ترقیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پختہ عزم کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن