• news

پی ٹی آئی کے سیاسی سوچ پیدا کرنے تک مذاکرات نہیں ہونگے: رانا تنویر

فیروزوالہ‘ شرقپور شریف (نامہ نگاران) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ شہریار آفریدی کے فوجی قیادت سے ملاقات کے بیان نے پی ٹی آئی کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران اینڈ کمپنی پہلے بھی اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر بیٹھ کر اقتدار میں آئی تھی اور اب پاؤں پڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان خیالات کے اظہار انہوں نے کیمپ افس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایم این اے رانا احمد عتیق انور، ایم پی اے رانا افضال حسین، مسلم لیگ (ن) کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ رانا تنویر نے کہا کہ پی ٹی آئی جب تک سیاسی سوچ پیدا نہیں کرے گی اس کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور سیاسی بات چیت کے لیے دروازے ہمیشہ کھلے رکھتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد پر چڑھائی کی باتیں پاگل پن ہیں جو ان کی فاشسٹ ذہنیت کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کے اسلام آباد پر چڑھائی کا شوق پورا کر لیں ہم اگلے ہی روز گورنر راج لگا کر ان کی عقل ٹھکانے لگا دیں گے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ گرین پاکستان انیشیٹو کانفرنس میں تمام قوتوں نے مل کر ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کا اعادہ کیا ہے اور  افواج پاکستان عوامی حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں۔رانا تنویر حسین کی اپنے مرکزی دفتر نور محل ہال شرقپور شریف میں لوگوں کے مسائل سنے اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حلقے کی عوام سے جو وعدے کئے ہیں پورے کرنے کی کوشش کریں گے، بہت جلد بڑے منصوبوں پر کام ہوں گے، عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے پی ٹی آئی کے جھوٹے بیانئے کو مسترد کر دیا۔ اس موقع پر سابق چیئرمین شیخ عمران اشرف یعقومیہ حکیم سیلم اللہ، شیخ یاسر بلال نارنگ، ماما منظور حسین، شیخ نور شکور کے علاوہ دیگر افراد بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن