سی پیک کے ذریعے چین کے ساتھ اقتصادی تعلقات مضبوط بنا رہے ہیں ،پاکستان
بیجنگ (آئی این پی ) چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)جیسے اقدامات کے ذریعے چین کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنا رہا ہے، ملکی افرادی قوت کاضروری مہارتوں اور علم سے لیس ہونا ضروری ہے۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق تعلیم اور صنعت کے درمیان پل قائم کرنا کے اعنوان سے پاکستان پروفیشنلز اینڈ اسٹوڈنٹس فورم کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں پاکستان کے تعلیمی اداروں اور پیشہ ورانہ دنیا بالخصوص طلبا کے درمیان اہم تعلقات کی کھوج کی گئی۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے پی پی ایس ایف فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ پاکستان چین پاکستان اقتصادی راہدار(سی پیک )جیسے اقدامات کے ذریعے چین کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنا رہا ہے، یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ ملک کی افرادی قوت ضروری مہارتوں اور اس ابھرتے ہوئے منظر نامے میں آگے بڑھنے کے لیے علم سے لیس ہو۔ اس فورم نے تعلیمی نصاب اور صنعت کے کلیدی اسٹیک ہولڈرز کو تعمیری مکالمے میں مشغول ہونے اور کاروباری اداروں کی ضروریات کے ساتھ تعلیمی نصاب کو بہتر طور پر ہم آہنگ اور حکمت عملیوں کی نشاندہی کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق بیجنگ میں پاکستانی ایمبیسی میں ایجوکیشن اتاشی عفیفہ شاجیہ اویس نے کہا کہ فورم کے کلیدی نکات میں سے ایک طلبا کو آج کی متحرک جاب مارکیٹ میں ترقی کے لیے درکار مہارتوں اور علم سے آراستہ کرنے میں اکیڈمیا کا کردار ہے۔